Friday, April 19, 2024

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے پر مداح نالاں ہو گئے

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے پر مداح نالاں ہو گئے
October 20, 2019
کراچی (92 نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کےسا بق کپتان سرفراز احمد  کے مداح انکو یوں کپتانی کے عہدے سے ہٹائے جانے پر پی سی بی سے نالاں ہیں  ، ناراض مداحوں نے کراچی اور سکھر میں سرفراز کے حق میں  مظاہرے کرڈالے ،مصباح الحق اور شعیب اختر کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے،وقار یونس نے سرفراز کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ٹائیگر کا لقب دے ڈالا ۔ سرفراز احمد  کو کپتانی سے ہٹانے پرانکے مداحوں کی  ناراضگی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی،کراچی میں درجنوں شہری سرفرازاحمد سے اظہار یکجہتی کیلئے انکے گھر کے باہر جمع ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ مظاہرین نے سرفرازاحمد کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین نے قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق اور سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ شعیب اختر نے سرفرازاحمد کی برطرفی پر کہا تھا کہ اس میں کسی اور کا نہیں بلکہ سرفراز کا اپنا قصور ہے، سکھر میں سرفراز کے حق میں بچہ یونین  نے مظاہرہ کیااور انکے حق میں نعرے بازی کی ۔ ادھر قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے بھی سرفرازاحمدکے حق میں ٹوئٹ کرکے نئے سوالات کو جنم دیدیا ہے ، وقار یونس نے سرفرازکو ٹائیگر کے نام سے مخاطب کرتے ہوئے لکھا آپکی بطور کپتان پاکستانی ٹیم کیلئے خدمات شاندار ہیں،جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا  ۔