Friday, April 19, 2024

سردی کی شدت میں اضافے کیساتھ موٹر وے پر دھند چھا گئی

سردی کی شدت میں اضافے کیساتھ موٹر وے پر دھند چھا گئی
November 29, 2019
لاہور (92 نیوز) ملک کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی دھند  کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا، لاہور سے ملتان تک نیشنل ہائی وے جبکہ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند چھائی رہی۔ سردی نے اپنا اثر دکھانا  شروع کیا تو ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، ٹھوکر نیاز بیگ سے کالاشاہ کاکو تک موٹر وے پر شدید دھند کے باعث ٹریفک معطل رہی۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ترجمان کے مطابق صبح کے وقت ٹھوکر نیاز بیگ سے کالا شاہ کاکو تک شدید دھند کی وجہ سے موٹروے کو بند رکھا گیا، ایم 3 پر لاہور سے سمندری انٹرچینج تک دھند چھائی رہی۔ مانگامنڈی، پتوکی، جمبر، پھول نگر میں دھند رہی، اوکاڑہ، ساہیوال اور چیچہ وطنی میں بھی دھندکے باعث ٹریفک کی روانی  متاثر ہوئی، منچن آباد، ہارون آباد، فورٹ عباس، فقیروالی سمیت جنوبی پنجاب کے بیشتر شہر بھی دھند کی لپیٹ میں رہے۔ ادھر پاکپتن میں  شدید دھند کے باعث تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار دو بھائیوں کو کچل دیا، حادثے میں دونوں بھائی جاں بحق ہو گئے۔