Tuesday, April 23, 2024

سردار شیرعلی گورچانی، ڈاکٹرحفیظ دریشک نے ن لیگ کو خیر باد کہہ دیا

سردار شیرعلی گورچانی، ڈاکٹرحفیظ دریشک نے ن لیگ کو خیر باد کہہ دیا
June 30, 2018
ڈی جی خان (92 نیوز) ڈی جی خان میں ن لیگ کی تین وکٹیں گر گئیں۔ سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیرعلی گورچانی ،سابق ایم این اے ڈاکٹر حفیظ دریشک اور سردار پرویز گورچانی نے ن لیگ کو خیر باد کہہ دیا۔ خزاں رسیدہ مسلم لیگ ن کے پتے جھڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔تینوں سیاسی رہنماؤں نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ فیصل آباد میں بھی ن لیگ کے لیے نئی مشکل کھڑی ہو گئی۔ لیبر قومی موومنٹ نےحلقہ این اے ایک سو چھ  میں رانا ثنا اللہ کی مخالفت  کر دی۔ سیکرٹری لیبر قومی موومنٹ نے کہا رانا ثنا اللہ نے پانچ سال مزدوروں کا معاشی استحصال کیا ، ووٹ کے ذریعے بدلہ لینے کا وقت آگیا۔ دوسری طرف جھنگ کے حلقہ پی پی129سے لیگی امیدوار خالد غنی نے بھی ٹکٹ واپس کر کے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا، جبکہ پی پی128شورکوٹ سے مسلم لیگ ن کے امیدوار خالد محمود سرگانہ نے بھی پارٹی ٹکٹ واپس کردیا ۔ این اے115سے شیخ وقاص اکرم پہلے ہی ن لیگ کا ٹکٹ واپس کر چکے ہیں، پی پی126سے ان کے بھائی شیراز اکرم نے بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ۔ مظفرگڑھ کے حلقہ این اے181سے ن لیگ کے امیدوار ملک سلطان محمود ہنجرا بھی دغا دے گئے، انہوں نے بھی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔