Friday, April 26, 2024

سرحد پر شدید کشیدگی‘ وزیراعظم کو لندن میں شاپنگ کی پڑی ہے : عمران خان

سرحد پر شدید کشیدگی‘ وزیراعظم کو لندن میں شاپنگ کی پڑی ہے : عمران خان
September 27, 2016
لاہور (92نیوز) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے رائیونڈ مارچ کیلئے لاہور میں ڈیرے ڈال دیے۔ آج بھی شہر میں مصروف دن گزاریں گے۔ کارکنوں سے خطاب اور جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔ کپتان کہتے ہیں ملکی سرحدوں پر کشیدگی ہے اور وزیراعظم لندن میں شاپنگ کرتے پھر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تیس ستمبر قریب آ رہی ہے اور پارٹی چیئرمین سمیت پوری تحریک انصاف اڈہ پلاٹ جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے متحرک ہو گئی ہے۔ عمران خان آج اپنی مصروفیات کا آغاز صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب سے کریں گے جس کے بعد وہ تحریک انصاف کے مرکزی دفتر میں پارٹی اجلاسوں کی صدارت کریں گے جہاں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ عمران خان ٹاﺅن شپ میں ورکرز کے اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں سے ملاقاتوں میں جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے۔ کپتان بدھ کے روز لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔ امکان ہے کہ وہ کل جلسہ گاہ کا معائنہ کرنے اڈہ پلاٹ بھی جائیں گے۔ دوسری جانب عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف پر ایک بار پھر کڑا وار کیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کپتان نے نواز شریف کے دورہ لندن کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ملک کی مشرقی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر شدید کشیدگی ہے اور ایسے میں وزیراعظم لندن میں چھٹیاں منانے اور شاپنگ کرنے میں مصروف ہیں۔