Sunday, September 8, 2024

سرجیکل سٹرائیکس کے بے بنیاد دعوؤں پر بھارت پہلے بھی اپنی جگ ہنسائی کراچکا ہے

سرجیکل سٹرائیکس کے بے بنیاد دعوؤں پر بھارت پہلے بھی اپنی جگ ہنسائی کراچکا ہے
September 22, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان  سے متعلق گیدڑ بھبکیاں مارنے والا بھارت پہلے بھی  سرجیکل سٹرائیکس کے بے بنیاد دعوے غلط ثابت ہونے پر اپنی جگ ہنسائی کرا چکا ہے ۔ اور تو اور بھارت کے اپنے سیاستدان اور فوجی  اہلکاروں نے بھی سرجیکل سٹرائیکس کو ڈرامہ قرار دیا تھا۔ انتیس ستمبر دو ہزار سولہ کو  بھارتی فوج  نے پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ  رچایا ، مگر دنیا نے ناکام ہوتا ہوا دیکھا  جس پر بھارتی فوج کے ساتھ ساتھ انڈین میڈیا کو بھی منہ کی کھانا پڑی  ۔بھارتی سرکار ، افواج اور میڈیا کی جانب سے  بلندو بانگ دعوے کئے مگر سب جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈا نکلا ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے سرجیکل سٹرائیک کو جھوٹا قرار دے دیا اور بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے صرف کنٹرول لائن پر بلاا شتعال فائرنگ کی،جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا تھا۔ بھارتی حکومت کو اپنا ہی دعویٰ مہنگا پڑا وہ نہ اپنے سیاستدانوں کو مطمئن کرسکی اور نہ ہی عوام کو، بارہا مطالبوں کے باوجود مودی جی سرجیکل سٹرائیک کی کوئی ایک ویڈیو یا ثبوت سامنے نہ لاسکے۔ دوسری جانب پاک فوج نے ملکی و غیرملکی صحافیوں کو ایل او سی کا دورہ کرادیا، بھارت نے جس علاقے میں سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ کیا اس کا محل وقوع دنیا کو دکھایا۔  یہ ایسا علاقہ تھا جہاں کوئی جانور بھی حرکت کرتا تو نظروں میں آجاتا ہے۔ اقوام متحدہ کے اس وقت کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی بھارتی دعوے کو رد کیا۔ بھارت کے اپنے سیاستدانوں نے بھی سرجیکل سٹرائیک کو جھوٹ قرار دیا،سابق وزیر ارن شعوری اور سنجے نروپام نے بھی مودی سرکار کو غلط دعوے پر آڑے ہاتھوں لیا۔ خود بھارتی فوجیوں نے بھی اپنے افسران کا بھانڈا پھوڑا، تیج بہادر نامی اہلکار نہایت بہادری سے سرجیکل سٹرائیک کی حقیقت دنیا کے سامنے لے کر آیا، جس کا کہنا تھا کہ یہ سب ایک ڈرامہ ہے جس کا وہ عینی شاہد ہے۔