Wednesday, April 24, 2024

سرجانی ٹاؤن اور خدا کی بستی بارش سے شدید متاثر ، قبریں زمین میں دھنس گئیں

سرجانی ٹاؤن اور خدا کی بستی بارش سے شدید متاثر ، قبریں زمین میں دھنس گئیں
August 10, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں بارش سے سرجانی ٹاؤن  اور خدا کی بستی شدید متاثر ہو گئی ، علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ادھر درجنوں قبریں بھی پانی میں دھنس گئیں۔ کراچی میں مون سون کی دوسریبارش سے  سرجانی اور خدا کی بستی ایک بار پھر شدید متاثر ہو گئی،  بارش کے پانی نے مشکلات میں اضافہ کردیا، مکین انتظامیہ پر برس پڑے۔ ادھر بارش سے سرجانی کا قبرستان بھی لپیٹ میں آگیا، پانی بھر جانے سے درجنوں قبریں دھنس گئی ہیں، جس کے سبب فاتحہ خوانی کیلئے آنے والوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ علاقہ مکینوں نے کہا کہ بارش کی پیشگی اطلاع کے باوجود سندھ حکومت اور مئیر کراچی نے اقدامات نہیں کئے۔ مون سون کے دوسرے اسپیل میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے اب تک دو افراد جاں بحق اور 6 جانور ہلاک ہو چکے ہیں ۔ سولجر بازار ڈولی کھاتہ میں کرنٹ سے 17 سالہ نوجوان جبکہ منگھوپیر میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ  ڈولی کھاتہ میں ہی  کرنٹ سے چار اور ملیر میں دو مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب مختلف شاہراہیں بھی تالاب بن گئی ہیں جبکہ کئی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں بھی خراب ہو گئیں ۔ رم جھم شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک نے ایک بار پھردغا دے دیا اور  ڈیفنس، کلفٹن، قیوم آباد، کورنگی،  ملیر، کھوکھرا پار، گلستان جوہر، ناظم آباد ،  صدر سمیت درجنوں علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ ادھر سٹی کورٹس کا احاطہ بھی تالاب بن گیا، ایک سیکشن کا عملہ کام چھوڑنے پر مجبور ہو گیا جب کہ  پراسیکیوشن اور اہم مقدمات کاریکارڈ بارش میں بھیگ گیا جس کے باعث وکلا، سائلین  اور قیدیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔