Friday, April 19, 2024

سرتاج عزیز کی ملا اختر منصور کی امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے کی تصدیق

سرتاج عزیز کی ملا اختر منصور کی امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے کی تصدیق
May 26, 2016

اسلام آباد (92 نیوز) – پاکستان نے طالبان رہنما ملا منصور کی ہلاکت کی تصدیق کردی، مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے اشارے بتاتے ہیں، ملا منصور، ولی محمد کے جعلی نام سے سفر کرر ہا تھا۔ ہلاکت نے افغانستان کے مسئلے کو پیچیدہ بنادیا۔ ملا منصور کی لاش ابھی تک کسی کے حوالے نہیں کی۔

دفتر خارجہ میں ترجمان  نفیس زکریا کی جگہ میڈیا بریفنگ دیتےہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ ابھی ڈی این اے رپورٹ کا انتظار ہے لیکن تمام اشارے اسی جانب ہیں کہ نوشکی ڈرون حملے میں مرنے والا ملااخترمنصور ہی تھا۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ ہمارے جن لوگوں کے طالبان سے رابطے تھے ان کو اشارے تھے کہ افغان طالبان مذاکرات کی میز پر آجائیں گے،حالیہ ڈرون حملے نےافغان امن عمل کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ طالبان کی نئی قیادت کے سامنے آنے کے بعد جائزہ لیا جائے گا کہ مذاکرات کیسے آگے بڑھیں گے۔ بعض اطلاعات ہیں کہ نئے امیر نے مذاکرات سے انکار کیا ہے جبکہ بعض اطلاعات اسکی نفی کرتی ہیں۔ ہم اب بھی سمجھتے ہیں کہ افغان مسئلہ کا واحد حک مذاکرات ہیں، چار ملکی گروپ افغانستان میں مفاہمت کے عمل کیلئے کوشش جاری رکھے گا۔

ایک سول کے جواب میں مشیر خارجہ  سرتاج عزیز نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 60 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں، 10 ہزار سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے، پاکستان کا ابتک 110ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، امریکی امداد اس کے مقابلے میں بہت کم ہے۔مشیر خارجہ نے بتایا کہ  ملا منصور کی لاش ابھی تک کسی کے حوالے نہیں کی گئی، ڈی این اے مکمل ہونے تک ایسا ممکن نہیں۔