Thursday, April 25, 2024

سرتاج عزیز کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصرجنجوعہ کو قومی سلامتی کا مشیر بنانے کا فیصلہ

سرتاج عزیز کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصرجنجوعہ کو قومی سلامتی کا مشیر بنانے کا فیصلہ
October 19, 2015
اسلام آباد (92نیوز) حکومت نے قومی سلامتی کے مشیر کا عہدہ سرتاج عزیز سے لے کر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصرجنجوعہ کودینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم سرتاج عزیز مشیر امور خارجہ کے طور پر ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ناصرجنجوعہ کمانڈر سدرن کمانڈ کے عہدے سے حال ہی میں ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ناصر جنجوعہ کو وزیراعظم کا مشیر برائے امور قومی سلامتی تعینات کیا جا رہا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے نے فوجی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ وزیر اعظم نوازشریف کے دورہ امریکہ میں ان کے ساتھ ہونگے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف یہ سمجھتے ہیں کہ سرتاج عزیر کی توجہ امور خارجہ اور قومی سلامتی کے امور میں بٹی ہوئی ہے۔ اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان کی جگہ مشیر قومی سلامتی کا عہدہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کو دے دیا جائے تاکہ سرتاج عزیز اپنی پوری توجہ امور خارجہ کی طرف مبذول کرسکیں۔ فوجی ذرائع کے مطابق اس بات کا فیصلہ وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف کی مرضی سے کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں ایک سینئر وزیر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کافی عرصہ سے وزیراعظم نوازشریف پر زور دے رہے تھے کہ ناصر جنجوعہ کو قومی سلامتی کا مشیر بنایا جائے مگر وزیراعظم سرتاج عزیر کو ترجیح دے رہے تھے مگر اب آرمی چیف نے وزیراعظم کو قائل کر لیا ہے کہ فوج اور حکومت نے مل کر کام کرنا ہے۔