Sunday, September 8, 2024

سرتاج عزیز نے ”را“ کی مداخلت کے ثبوت دکھا دیئے !!! مسئلہ کشمیر کے بغیر کوئی بات چیت نہیں ہو گی: مشیرقومی سلامتی

سرتاج عزیز نے ”را“ کی مداخلت کے ثبوت دکھا دیئے !!! مسئلہ کشمیر کے بغیر کوئی بات چیت نہیں ہو گی: مشیرقومی سلامتی
August 22, 2015
اسلام آباد (92نیوز) قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ وہ اب بھی بھارت جانے کےلئے تیار ہیں مگر مشروط مذاکرات کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا او فا مذاکرات میں بھی کشمیر کا مسئلہ سرفہرست تھا، اصولی موقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ شبیر شاہ کی گرفتاری پر بھی تشویش ہے۔ مذاکرات اگرہوئے تو بریک تھرو کا بھی کوئی امکان نہیں۔ اسلام آباد میں حکومتی موقف واضح کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت جانے کےلئے تیار ہیں مگر مذاکرات میں بھارت کی طرف سے شرطیں عائد کرنا کسی صورت قبول نہیں، اصولی موقف سے پیچھے ہٹنا ممکن نہیں۔ حریت رہنماوں کی نظربندی بھی افسوسناک ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ اوفا مذاکرات میں کشمیر کے مسئلے پر بھی بات ہوئی۔ اب بھی ایجنڈے میں مسئلہ کشمیر سرفہرست ہے لیکن بھارت اوفا مذاکرات کے تناظر میں بھی سنجیدہ نہیں۔ عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ششما سوراج کی پریس کانفرنس کا انتظار ہے، ان کے موقف کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہی نہیں بلکہ اقوام متحدہ نے بھی کشمیر کے بارے میں قراردادیں منظور کی ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ اگر بھارت بات نہیں کرنا چاہتا تو بھی پاکستان کی کشمیرپر پالیسی وہی رہے گی۔ سرتاج عزیز نے میڈیا بریفنگ کے اختتام پر پاکستان میں ”را“ کی مداخلت کے ثبوت بھی میڈیا کو دکھائے۔