Wednesday, May 8, 2024

سربیا کے نوواک جوکووچ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچ گئے

سربیا کے نوواک جوکووچ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچ گئے
January 30, 2020
 میلبورن (92 نیوز) سربیا کے نوواک جوکووچ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچ گئے۔ سیمی فائنل میں راجر فیڈرر کو شکست دی ۔ سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن کے مینز سنگل سیمی فائنل مقابلے میں روایتی حریف سربیا کے نوواک جوکووچ اور عالمی نمبر تین سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے مابین جوڑ پڑا۔ عالمی نمبر ٹو نوواک جوکووچ نے تینوں سیٹ اپنے نام کیے ۔ نوواک جوکووچ کی جیت کا اسکور سات چھ، چار چھ، تین چھ رہا۔ خواتین کے دونوں سیمی فائنلز میں اپ سیٹ ہوئے ۔ پہلے سیمی فائنل میں ہاٹ فیورٹ عالمی نمبر ون آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی عالمی نمبر چودہ امریکہ کی صوفیہ کینن سے ہار گئیں۔ صوفیہ کینن نے انہیں اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ دوسرے سیمی فائنل میں دو دفعہ کی گرینڈ سلام چیمپئن رومانیہ کی سیمونا ہالپ کو ان سیڈڈ اسپینش کھلاڑی گاربائن مگروزا نے اسٹریٹ سیٹس میں ہرایا۔ گاربائن مگروزا اور صوفیہ کینن کے مابین فائنل معرکہ ہفتے کو کھیلا جائے گا جبکہ مینز کیٹیگری کا دوسرا سیمی فائنل جمعہ کو جرمنی کے الیگزینڈر زیوروف اور آسٹریا کے ڈومینک تھیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔