Sunday, September 8, 2024

سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر دولہا بننے کا اشارہ دے دیا

سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر دولہا بننے کا اشارہ دے دیا
July 11, 2016
لاہور (92نیوز) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے تیسری شادی کے ارادے کا اظہار کر دیا لیکن کہتے ہیں کہ ابھی تک کوئی نظر میں نہیں۔ ویسے بھی ساٹھ سال کی عمر میں شادی کرنا تیس سال کی عمر میں شادی کرنے سے مختلف ہوتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک بار پھر دولہا بننے کا ارادہ کر لیا لیکن انہوں نے ابھی دلہن تلاش کی ہے نہ شادی کی کوئی تاریخ دی ہے۔ بھارتی میڈیا میں شائع ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ وہ تیسری بارشادی کا سوچ رہے ہیں کیونکہ ہمت ہارنا ان کی فطرت نہیں۔ عمران خان نے جمائما سے شادی اور طلاق کے بارے میں کہا کہ جمائما سے شادی کے بعد وہ ان سے مکمل وفادار رہے۔ شریک حیات کے لیے سب سے تکلیف دہ بات بے وفائی ہوتی ہے اور انہیں فخر ہے کہ جمائما سے شادی کے دوران کسی اور خاتون کے ساتھ ان کے تعلقات نہیں رہے۔ ریہام خان سے شادی کے متعلق عمران خان نے کہا کہ جب تک بچے چھوٹے تھے شادی کا سوچا بھی نہیں لیکن جب وہ بڑے ہو گئے تو ایک اور کوشش کا خیال آیا لیکن یہ شادی چل نہیں پائی۔ جب دونوں کے بچے بڑے ہوں تو بہت مشکلات ہوتی ہیں اور معاملات پیچیدہ ہو جاتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ تیسری شادی کی تو وہ زیادہ محتاط ہوں گے۔ تیسری شادی کے لیے اپنے انتخاب کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بہت کم عمر لڑکی سے شادی نہیں چاہتے بلکہ شریک حیات ایسی ہونی چاہئے جو اپنی ذات سے آگے سوچ سکے۔ خوبصورتی، فیشن اور گلیمر ان کے لیے کشش نہیں رکھتا۔