Monday, May 13, 2024

سربراہ اجلاس سلامتی اور استحکام کی نوید ثابت ہو گا ، شاہ سلمان بن عبدالعزیز

سربراہ اجلاس سلامتی اور استحکام کی نوید ثابت ہو گا ، شاہ سلمان بن عبدالعزیز
June 1, 2019
 ریاض (92 نیوز) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا سربراہ اجلاس سلامتی اور استحکام کی نوید ثابت ہو گا۔ اسلامی تعاون تنظیم کا 14 واں سربراہ اجلاس مکہ معظمہ  میں ہوا جس میں پاکستان سمیت ستاون مسلم اکثریتی ممالک کے سربراہان ریاست وحکومت ، وزرائے خارجہ اور دیگراعلیٰ عہدے دار شریک ہوئے۔ اجلاس میں امریکی سفارتخانے کی یروشلم منتقلی کی مذمت کی گئی۔  سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سےافتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا خطرات سے مل کرنمٹنا ہو گا۔ خطرات کا مقابلہ کرکے ہی اپنے ممالک میں ترقی لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا اسلامی دنیا میں امن واستحکام چاہتے ہیں۔ اپنے عوام کے مستقبل کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل سعودی عرب کی پہلی ترجیح ہے اور فلسطینیوں کو حقوق ملنے تک ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا ایرانی حمایت یافتہ ایک دہشتگرد گروپ کی جانب سے تیل کی تنصیبات اور بحری جہازوں پر ہونے والے حملے سعودی عرب یا متحدہ عرب امارات پر نہیں بلکہ پورے خطے پر کئے گئے۔ شاہ سلمان کا کہنا تھا یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ پناہ گزین مسلمان ہیں اور اس کی وجہ مسلمان ملکوں میں جاری شورش ہے۔ انہوں نےعلاقائی اور عالمی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے اسلامی تعاون تنظیم'او آئی سی' کے ڈھانچے کی تشکیل نو کی ضرورت پر زور دیا۔