Wednesday, April 24, 2024

سراج الحق کا پنڈورا لیکس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

سراج الحق کا پنڈورا لیکس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع
November 8, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پنڈورا لیکس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

امیر جماعت اسلامی نے پاناما لیکس پٹیشن میں ہی متفرق درخواست دائر کردی، جس میں استدعا کی گئی ہے پاناما کیساتھ پنڈورا لیکس میں شامل افراد کے خلاف بھی تحقیقات کی جائیں۔

سراج الحق نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنڈورا پیپرز سامنے آنے کے بعد 50 سے زیادہ دن گزر گئے، حکومت نے اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔ حکومت کو چاہئے تھا پنڈورا پیپرز پر سپریم کورٹ آتی۔ وزیراعظم نے جے آئی ٹی کے بجائے اپنے دفتر میں ایک سیل قائم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پنڈورا پیپرز پر کوئی آواز نہیں اٹھائی، جماعت اسلامی نے ہمیشہ کرپسشن کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب اب سیاستدانوں پرہاتھ نہیں ڈال سکتا، حکومت نے وقت سے پہلے اپنے لیے این آر او کا انتظام کرلیا، سوا تین سال میں سامنے آنے والے اسکینڈلز میں حکومتی ارکان شامل ہیں، کسی وزیر کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی حکومتیں کرپشن پر ختم ہوئیں، پاناما لیکس میں پاکستان کے بڑے سیاسی خاندانوں کے نام آئے، اس میں شامل دیگر 436 افراد کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔

سراج الحق بولے کہ ملک میں غربت نا چ رہی ہے، حکومت مافیاز کے سامنے بے بس ہے، عمران خان کے چارو ں طرف مافیاز ہیں، سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو چور کہتی ہیں، ساری جماعتوں کے دعوؤں کی تصدیق کرتے ہیں۔