Friday, April 19, 2024

سر سید ایکسپریس 4 جولائی سے اپنے سفر کا آغاز کریگی

سر سید ایکسپریس 4 جولائی سے اپنے سفر کا آغاز کریگی
June 25, 2019
لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایت پروی آئی پی ٹرین سرسید ایکسپریس 4 جولائی سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی۔ سرسید ایکسپریس (36ڈاؤن ) دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر راولپنڈی سے روانہ ہوکر وزیر آباد، سانگلہ ہل، فیصل آباد، خانیوال، روہڑی، حیدرآباد، لانڈھی اور ڈرگ روڈ پر سٹاپ کرتی ہوئی اگلے روز دوپہر 12 بجے کراچی کینٹ پہنچے گی۔ کراچی کینٹ سے (35 اپ ) رات 9 بجے روانہ ہوکر حیدرآباد، روہڑی، خانیوال، فیصل آباد، سانگلہ ہل اوروزیر آباد سٹاپ کرتی ہوئی اگلے روز شام 6بجکر 30 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔ یہ ٹرین ایک اے سی سلیپر، تین اے سی بزنس، چھ اکانومی کلاس، ایک ڈائننگ کار اور ایک پاور وین پر مشتمل ہوگی ،علاوہ ازیں فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز ظفراﷲ کلوڑ 3جولائی کو حیدرآباد ریلوے سٹیشن پر 4اور5جولائی کوڈی ایس کراچی آفس کے کمیٹی روم میں 31 اپ جناح ایکسپریس اور کول گڈز ٹرین کے درمیان پٹھانکوٹ میں ہونے والے حادثے کی انکوائری کریں گے ۔ دریں اثنا ٹرینوں کی آمد ورفت میں تاخیر کا عمل کئی روز سے جاری ہے اور گزشتہ روز بھی کراچی سے لاہور آنے والی میل ایکسپریس ٹرینیں گھنٹوں تاخیر سے اپنی منزل مقصود پر پہنچیں جس سے مسافر پلیٹ فارموں پر رل گئے ، لاہور سے کراچی جانے والی کچھ ایکسپریس ٹرینیں لیٹ روانہ ہوئیں مسافر مقررہ وقت پر پہنچ گئے تو انہیں بتایا گیا کہ ٹرین تاخیر کا شکار ہے جس پر انہیں پلیٹ فارم بیٹھنا پڑا لیکن ریلوے انتظامیہ کے کان میں جوں تک نہیں رینگی اور ٹرینوں کا شیڈول بہتر نہیں ہو سکا۔ لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین کراچی ایکسپریس5گھنٹے لیٹ روانہ ہوئی، بزنس ایکسپریس2گھنٹے لیٹ،ملت ایکسپریس ایک گھنٹہ لیٹ،تیز گام، قراقرم ایکسپریس، گرین لائن، علامہ اقبال ایکسپریس اور دیگر ٹرینیں بھی گھنٹوں تاخیر سے کراچی سے لاہور پہنچیں۔