Thursday, May 2, 2024

سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی ، عمر ایوب

سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی ، عمر ایوب
May 7, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔ وزیر توانائی عمر ایوب نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا مسلم لیگ ن کی حکومت عوام اور حکومت کے لیے قرضوں کا پہاڑ چھوڑ کر گئے۔ 2018 الیکشن سے پہلے گردشی قرضے میں 450 ارب کا اضافہ ہوا۔ زیادہ نقصان والے فیڈرز پر بجلی فراہم کرتے رہے اور ریکوری نہ ہوئی۔ عمر ایوب بولے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 27 ڈالر تھی تو ن لیگ 55 فیصد جی ایس ٹی لیتی رہی ۔ اس وقت عوام کو ریلیف نہیں دیا اور آج مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا الیکشن سے پہلے بجلی کا ٹیرف بڑھانے کی فائل دبا کر بیٹھ گئے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پی ٹی آئی حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھا رکھی تھیں ۔ وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا تھا جب ہماری حکومت آئی تو نیپرا نے 3 روپے 84 پیسے اضافے کی سفارش کی۔ ہماری حکومت نے صرف ایک روپے 27 پیسے قیمت بڑھائی اور غریب آدمی کے لیے بجلی نہیں بڑھائی۔ 450 ارب روپے سالانہ گردشی قرضے سے کم کرکے اس سال 293 ارب تک لے آئیں گے۔ دسمبر 2020 تک گردشی قرضہ انشاء اللہ ختم کردیں گے۔ عمر ایوب کا یہ بھی کہنا تھا ہم نے بجلی چوری کے خلاف مہم سے 51 ارب روپے بچائے ہیں ۔ پاکستان کے 80 فیصد فیڈرز پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہے۔ وزارت توانائی اور تقسیم کار کمپنیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے جہاد کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا رمضان المبارک میں لوڈ مینجمنٹ شیڈول کابینہ سے شیئر کیا ہے۔ 8 ہزار سے زائد فیڈرز میں سے صرف 60 فیڈرز پر بجلی نہیں تھی۔ ہم بجلی دینا چاہ رہے تھے، کنڈوں کی وجہ سے وہ فیڈرز لوڈ نہیں اٹھا سکے۔ عمر ایوب بولے شام 6 سے 11 اور رات 2 سے صبح 6 بجے تک کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔ ٹرائیبل الیکٹرک سپلائی کارپوریشن پر صرف چار گھنٹے بجلی ملتی تھی۔ رمضان میں 10 گھنٹے دیں گے۔