Friday, March 29, 2024

سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالویؒ والد کے پہلو میں سپرد خاک

سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالویؒ والد کے پہلو میں سپرد خاک
September 18, 2020
سرگودھا (92 نیوز) معروف روحانی شخصیت اور آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالویؒ کو سیال شریف میں سپردِ خاک کردیا گیا، نمازِ جنازہ میں ملک بھر کی درگاہوں سے سجادہ نشین، مذہبی شخصیات، مریدین اور عام شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ گدی نشین آستانہ عالیہ سیال شریف اور سابق سینیٹرحضرت خواجہ حمید الدین سیالویؒ نے آخرت کے لیے رخت سفر باندھ لیا، معروف روحانی شخصیت کی نمازِ جنازہ سیال شریف میں ان کے درگاہ پر ادا کی گئی جس میں پیرآف بھیرہ شریف پیرامین الحسنات شاہ، پیر خواجہ عطا اللہ تونسوی سمیت ملک بھر کی درگاہوں سے سجادہ نشین، جماعت اہلسنت پاکستان اور تحریک منہاج القرآن کے وفود سمیت مذہبی شخصیات، علما دین اور ہزاروں کی تعداد میں مریدین اورعام شہریوں نے شرکت کی۔ حضرت خواجہ حمید الدین سیالویؒ کی نمازِ جنازہ مہار شریف والے صاحبزادہ ہاشم خان نے پڑھائی، مریدین کا کہنا تھا کہ فروغ اسلام اور حفاظت ختم نبوت کے لیے انکی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا پیر حمید الدین سیالوی دو دہائیوں تک وعظ اور دارالعلوم دینیہ میں تدریسی نظام سے وابستہ رہے،، آپ آئی جے آئی کی طرف سے 1988ء میں سینیٹر منتخب ہوئے،، اور سابق دور حکومت میں اپنی صحت کی پرواہ کئے بغیر بھرپور انداز میں ختم نبوت تحریک چلائی۔ پیر آف سیال شریف کو خواجہ شمس العارفین، خواجہ محمد دین، خواجہ محمد ضیا الدین اور پیر خواجہ قمر الدین سیالویؒ کے پہلو میں سپرد لہد کردیا گیا۔