Friday, March 29, 2024

ستلج اور چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ، سیلاب کا خدشہ

ستلج اور چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ، سیلاب کا خدشہ
August 20, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز) بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع پانی چھوڑنے پر دریائے ستلج اور چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے جس کے باعث سیلاب کا خدشہ ہے ۔ بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں چھوڑے گئے پانی نے قصور کے علاقے میں تباہی  مچادی،کئی دیہات ڈوب گئے،61بستیاں خالی کرالی گئیں،سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں، پاک فوج کے جوان سیلاب میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں، آج  ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی کا ریلادریائے ستلج میں  ہیڈ گنڈا سنگھ قصور کے مقام سےگزرے گا۔ ضلع اوکاڑہ  کے کئی علاقوں میں بھی پانی داخل ہو گیاجس سے فصلیں زیرآب آگئیں،سیلاب کے شدید خطرے کے پر  دریائے ستلج کے قریبی دیہات میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ اٹاری کے مقام پر فلڈ کیمپ قائم کر دیا گیا جہاں  پاک فوج ،رینجرزکے جوان کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے تیارہیں۔ بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں چھوڑا گیا پانی ہیڈ گنڈا سنگھ سے ہوتا ہوا  پاکپتن کی طرف بڑھ رہا ہے،، پانی کا ریلا آئندہ 48 گھنٹوں تک ہیڈ سلیمانکی پہنچےگا، سیلاب کے خطرے کے پیش نظر شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا میلسی میں بھی دریائے ستلج کے اطراف کی آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں جب کہ سیلاب کی وارننگ جاری  کر دی گئی ہے جس کے بعد لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے ۔ دریائے ستلج میں آنے والا سیلابی ریلا پانچ دن بعدبہاولپورکی حدود میں پہنچے گا،دریا کے قریبی علاقے خطرے کی زد میں آنے پر ہائی الرٹ جاری،،امدادی اداروں کو چوکس کردیا گیا۔ لودھراں میں بھی پاک فوج،پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ممکنہ سیلاب کی زد میں آنے والےدریائے ستلج کے علاقوں کا دورہ کیا،،لوگوں کو وارننگ جاری،،جبکہ امدادی کیمپ بھی قائم کردیئے گئے۔ ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  ( این ڈی ایم اے ) کے مطابق دریا ئے ستلج میں آج شام سے سیلابی پانی آنا شروع ہو جائے گا ، دریا میں ایک لاکھ 30 ہزار کیوسک تک کا ریلا رات کو گزرے گا۔