Friday, April 19, 2024

ستر لاکھ ڈالر سر کی قیمت والےخراسان گروپ کے کمانڈر محسن الفضلی ہلاک ہوگئے

ستر لاکھ ڈالر سر کی قیمت والےخراسان گروپ کے کمانڈر محسن الفضلی ہلاک ہوگئے
July 22, 2015
پینٹاگون(ویب ڈیسک)القاعدہ سے تعلق رکھنے والا خراسان گروپ کا کمانڈر محسن الفضلی شام میں امریکی فضائی حملے میں مارا گیا،امریکہ نے اس خطرناک دہشت گرد  کے سر کی قیمت ستر لاکھ ڈالر مقرر کر رکھی تھی ، محسن الفضلی پاکستان میں بھی القاعدہ کی دہشت گرد کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ پینٹا گون کے ترجمان کے مطابق شام میں سرگرم القاعدہ سے منسلک خراسان گروپ کا رہنما محسن الفضلی ایک امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہوگیا،کویتی شہری محسن الفضلی کو آٹھ جولائی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ شام میں سرمندہ کے قریب سفر کر  رہا تھا،امریکی بحریہ کے کیپٹن جیف ڈیوس کی جانب جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محسن الفضلی القاعدہ کے ان چند رہنماؤں میں شامل تھا جنہیں نائن الیون حملے کے بارے میں پہلے سے علم تھا۔ امریکی حکام کے مطابق خراسان گروپ افغانستان اور پاکستان میں بھی القاعدہ کی سرگرمیوں میں ملوث رہ چکا ہے ۔۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے محسن الفضلی کی گرفتاری کے لیے معلومات فراہم کرنے یا موت پر 70 لاکھ ڈالر کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔