Friday, April 26, 2024

ستر سے زائد پاکستانی تاجر مال بھرے کنٹینرز سمیت چین میں پھنس گئے ‏

ستر سے زائد پاکستانی تاجر مال بھرے کنٹینرز سمیت  چین میں پھنس گئے ‏
December 2, 2019
سنکیانگ ( 92 نیوز) چین کے صوبے سنکیانگ کے سرحدی علاقے تاشقورغند میں گلگت بلتستان سے تعلق والے ستر سے زائد پاکستانی تاجر  مال سے بھرے 26کنٹینرز سمیت  پھنس گئے ، متاثرہ تاجروں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مدد کی اپیل کردی۔ چین کے صوبے سنکیانگ کے سرحدی علاقے تاشقورغند میں ستر  سے زائد پاکستانی تاجر اور ان کے  کروڑوں روپے کے مال بردار کنٹینرز  پھنس گئے ہیں  ،  تاجروں کے بارڈر پاس کی مدت کل ختم ہو گئی اور مالی طور پر شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ۔ تاجروں کے مطابق تاشقورغند چائنا میں پھنسے تاجروں کو خنجراب کے راستے لانے والی  گاڑیوں کو چینی امیگریشن حکام نے خنجراب سے واپس کردیا ، پاکستانی اور خصوصا گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے تاجر جو کہ بارڈر پاس کے ذریعے تجارت کے غرض سے چین گئے تھے سرحد کی بندش کی وجہ سے پھنس کر رہ گئے ۔ شاہراہ خنجراب ہرسال 30 نومبر سے بارڈر پروٹوکول ایگریمنٹ کے تحت شدید برفباری سے 4 ماہ کیلئے بند کی جاتی ہے  ، معاہدے کے تحت حکومت چین پابند ہے کہ وہ سرکاری طور پر پاکستانی مسافروں کو سوست ضلع ہنزہ تک پہنچائے۔ 70 سے زائد پاکستانی مسافروں سمیت 26 کنٹینرز کو 30 نومبر تک بارڈر پار کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا مگر چینی حکومت نے اس پر عمل درآمد نہ کرایا ، پھنسے تاجروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے حکومت پاکستان، صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں سے مدد کی اپیل کی ہے۔