Thursday, April 25, 2024

سب سے پہلا کام ’طاقتور ڈاکوﺅں‘ کا احتساب کرنا ہے : عمران خان

سب سے پہلا کام ’طاقتور ڈاکوﺅں‘ کا احتساب کرنا ہے : عمران خان
May 22, 2016
سوات (92نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاناما لیکس کے بعد جگہ جگہ جا رہے ہیں۔ موٹرو ے، سٹرکیں اور ایئر پورٹ بنانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ پہلے یہ تو سوچیں کہ کیا انہیں ایئرپورٹ بنانے کا موقع ملے گا۔ کیا انہوں نے پہلے باری پوری کی جو اب کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں کے کپتان سوات میں گراسی گراونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیراعظم نوازشریف کے خلاف گرجے بھی خوب اور برسے بھی خوب۔ بولے کہ وزیراعظم کو پانامالیکس پر قوم کو جواب دینا پڑےگا۔ ہماری حکومت آئی تومیاں صاحب کو کرپٹ نہیں کہیں گے پکڑ کر جیل میں ڈالیں گے۔ سب سے پہلا کام طاقتور ڈاکوﺅں کا احتساب کرنا ہے۔ عمران خان کاکہناتھاکہ میاں صاحب ہر جگہ موٹروے اور ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کررہے ہیں لیکن وہ اس وقت تک حکومت میں رہیں گے تو بنائیں گے نہ۔ کپتان نے واضح کہا کہ ملک میں چوروں اور ڈاکووں کا احتساب کرنا ہے۔ جب وزیر اعظم کا احتساب ہو جائے گا اور لوٹے ہوئے پیسے نکلوا لیں گے تب ہی وہ قوم کو اس کا حق واپس دلوا سکیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ اب میاں صاحب پختونخوا میں جلسہ کرنے آئیں تو لوگ ان سے تین مطالبات ضرور کریں۔ ایک یہ کہ پختونخوا کو اس کے حصے کی بجلی دیں۔ دوسرا یہ کہ پختونخوا کے لوگوں کو ان کے حصے کی گیس دیں۔ تیسرا یہ کہ پختونخوا کو اس کے حصے کا پانی دیں۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت خیبرپختونخوا میں تعلیم اور صحت پر توجہ مرکز کئے ہوئے ہے جس کے اثرات رواں سال آخر تک لوگوں کو ملیں گے۔ کوئی ساتھ دے یا نہ دے پاناما معاملے پر آخری حد تک جائیں گے۔