Wednesday, May 8, 2024

ساہیوال ، ڈی ایچ کیو اسپتال میں مبینہ غفلت سے 5 نومولود جاں بحق

ساہیوال ، ڈی ایچ کیو اسپتال میں مبینہ غفلت سے 5 نومولود جاں بحق
June 2, 2019
ساہیوال ( 92 نیوز) ساہیوال میں ڈاکٹروں نے  غفلت اور لاپرواہی کی انتہا کردی، ڈی ایچ کیو اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں مسیحاؤں کی مبینہ غفلت سے 5 نومولود جاں بحق ، احتجاج کرنے پر لواحقین کو دھکے دیکر اسپتال سے باہر نکال دیا۔ ڈی ایچ کیو اسپتال ساہیوال میں مسیحا علاج  کی بجائے موت بانٹنے لگے،   مبینہ غفلت  سے متعدد ماؤں کی گودیں اجڑ گئیں، چلڈرن وارڈ میں اے سی کی بندش کے باعث 5 نومولود بچے  دم توڑ گئے۔ لواحقین نے الزام  عائد کیا چلڈرن وارڈ میں بجلی کی بار بار بندش اور اے سی نہ چلانے کی وجہ سے بچوں کی  موت ہوئی،کئی مرتبہ ایم ایس آفس کے چکر لگائے،ڈاکٹروں کو بھی کہا مگر کسی نے بات نہ سنی، احتجاج کرنے پر  پولیس کو بلاکردھکے دے کر اسپتال سے باہر نکال دیا گیا۔ لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے اسپتال روڈ مکمل بلاک کردیا۔ ادھر پنجاب حکومت نے  واقعے کی مکمل تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی،ترجمان وزارت صحت پنجاب کے مطابق کمیٹی کو تحقیقات کرکے فوری طور پر رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت کی گئی ہے۔ کمیٹی کے تحقیقاتی رپورٹ جمع کرانے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔