Monday, September 16, 2024

ساہیوال پاور پراجیکٹ کیلئے لایا گیا 22ٹن کوئلہ کہاں گیا؟ انکوائری شروع

ساہیوال پاور پراجیکٹ کیلئے لایا گیا 22ٹن کوئلہ کہاں گیا؟ انکوائری شروع
February 2, 2017

لاہور (92نیوز) ساہیوال پاور پراجیکٹ کیلئے لایا گیا بائیس ٹن کوئلہ کہاں گیا؟ کمیٹی نے تحقیقات شروع کردیں۔ ترجمان ریلوے کے مطابق کوئلہ کم پہنچنے پر کارروائی کی جائے گی، کوئلہ چوری ہوا؟ کم لوڈ کیا گیا یا کہیں گرا؟ تمام پہلوؤں کی چھان بین ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق بائیس ٹن کوئلہ زمین نگل گئی یا آسمان کھا گیا۔ کچھ پتہ نہ چل سکا۔ پوری ایک بوگی غائب ہو گئی اور ریلوے حکام کو خبر تک نہ ہوئی۔ قصہ کچھ یوں ہے کہ ایک مال بردار گاڑی کراچی سے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کے لئے کوئلہ لے کر چلی۔ ٹرین اٹھارہ بوگیوں پر مشتمل تھی۔ ہر بوگی میں بائیس ٹن کوئلہ لوڈ کیا گیا۔ ٹرین ساہیوال پہنچی تو انکشاف ہوا کہ ایک بوگی پوری کی پوری خالی ہے۔

اس چونکا دینے والے انکشاف کی خبر اے ایم ایس ریلوے کو دی گئی تو وہ بھی حیران رہ گئے کہ آخر چلتی ٹرین میں سے کوئلہ گیا کدھر۔ اس پر تحقیقات تو ہونا تھیں جس کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ماہرین بھی جائزہ لینے پہنچے کہ دیکھیں تو آخر ہوا کیا۔ ساہیوال پاور پراجیکٹ کے لئے کوئلہ لانے والی یہ دوسری ٹرین تھی جبکہ پہلی ٹرین چار روز قبل پہنچی تھی جس کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کیا تھا۔

اب یقینا نوٹس بھی لئے جائیں گے۔ تحقیقات بھی ہونگی مگر سوال یہ ہے کہ کراچی سے چلنے والی یہ ٹرین منزل مقصود پر پہنچ کر لٹی کیسے؟ کیا تحقیقات کا کوئی نتیجہ بھی نکل پائے گا؟ پلانٹ چلے نہ چلے بجلی کی پیداوار ہو یا نہ ہو اہم ایک بات ہے چوروں کے تو وارے نیارے ہوگئے۔