Monday, September 16, 2024

ساڑھے تین کروڑ رقم جیتنے والی خاتون کی انعامی ٹکٹ پتلون میں دھل گئی

ساڑھے تین کروڑ رقم جیتنے والی خاتون کی انعامی ٹکٹ پتلون میں دھل گئی
January 24, 2016
لندن (ویب ڈیسک) کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ قسمت آپ کے ہاتھ میں آ کر نکل جاتی ہے۔ ایسا ہی کچھ ہوا ایک برطانوی خاتون کے ساتھ جب اس کی کروڑوں روپے مالیت کی انعامی لاٹری نکل آئی مگر پھر اس کو خیال آیا کہ اس کی لاٹری تو پتلون میں دھل چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے علاقے ووسٹر میں ایک خاتون نے نیشنل لاٹری کی تین کروڑ 20 لاکھ پاونڈ انعامی رقم جیتنے کا دعویٰ کیا ہے مگر اس کا کہنا ہے کہ اس کا انعامی ٹکٹ پتلون میں رکھا تھا جسے اب دھو دیا گیا ہے۔ ٹکٹ پر موجود نمبر تو انعامی نمبروں سے مطابقت رکھتے ہیں تاہم تاریخ اور بار کوڈ کو پڑھنا ممکن نہیں ہے۔ برطانیہ میں نیشنل لاٹری منعقد کروانے والے ادارے نے تصدیق کی ہے کہ جیک پاٹ جیتنے والا ٹکٹ ووسٹر سے ہی خریدا گیا تھا۔ ادارے نے مذکورہ خاتون سے کہا ہے کہ وہ ان سے رابطہ کرے اور 30 دن میں انھیں وہ ٹکٹ جمع کرائے۔ واضح رہے کہ جیک پاٹ کی کل انعامی رقم چھ کروڑ 60 لاکھ برطانوی پاونڈ ہے تاہم انعامی نمبروں کے دو ایک جیسے ٹکٹ خریدے جانے کی وجہ سے یہ رقم دو فاتحین میں برابر تقسیم ہو گی۔ اس میں سے نصف رقم جنوبی سکاٹ لینڈ کے ایک جوڑے نے جیتی ہے جس نے اپنا انعام وصول بھی کر لیا ہے۔ اب دیکھتے ہیں کہ بے چاری برطانوی خاتون کا کیا بنتا ہے۔