Sunday, September 8, 2024

سانحہ یوحنا آباد: بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ نے دہشت گردوں کی معاونت کی : شجاع خانزادہ

سانحہ یوحنا آباد: بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ نے دہشت گردوں کی معاونت کی : شجاع خانزادہ
August 4, 2015
لاہور (92نیوز) سانحہ یوحنا آباد میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ نے دہشت گردوں کی معاونت کی۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دس شرپسند گرفتار کر لیے۔ دہشت گردوں کو پکڑا نہ جاتا تو پنجاب سمیت ملک بھر میں بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔ ایوان وزیر اعلیٰ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے بتایا کہ یوحنا آباد دھماکوں کے گرفتار پانچ ملزموں میں ثناءاللہ عرف حسن پنجابی، عمران مسعود، شیخ قانونی، وقاص اور اسرار الدین شامل ہیں۔ تین دہشت گرد رانا ماجد، قاری الیاس اور خالد زمان فرار ہیں۔ ملزموں کا تعلق ٹی ٹی پی کے شہریار مسعود گروپ سے ہے جنہیں افغانستان اور بھارت سے معاونت ملتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ملزم ثناءاللہ نے ویڈیو ریکارڈنگ میں اعتراف جرم بھی کیا۔ وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ہدف سیاستدان، اعلیٰ افسران اور پبلک مقامات تھے۔ دھماکوں سے قبل یہ دہشت گرد رائیونڈ میں اکٹھے ہوئے اور اپنے لیڈر قاری مسعود و دیگر سے ہدایات لیتے رہے۔ گرفتار دہشت گردوں میں کراچی میں ایس ایس یو دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ بھی شامل ہے۔ شجاع خانزادہ نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے جس میں قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔