Monday, May 13, 2024

سانحہ گولیمار کے متاثرین کا رات گئے احتجاج ، نعرے بازی

سانحہ گولیمار کے متاثرین کا رات گئے احتجاج ، نعرے بازی
March 11, 2020
کراچی (92 نیوز) سانحہ گولیمار کے متاثرین نے رات گئے احتجاج کیا جس میں  کثیر تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی  ،  مظاہرین نے سڑک بلاک کرکے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی  کی ، ادھر پولیس نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے  تین  افسروں کو گرفتارکرلیا۔ رضویہ کے علاقے میں 5 منزلہ عمارت کو منہدم ہوئے کئی روز گزرگئے لیکن عمارت کے متاثرین تاحال بے سروسامانی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور  ہیں۔ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور علاقہ مکین رات گئے سڑکوں پر نکل آئے اور مرکزی شاہراہ بلاک کرکے دھرنا  دے دیا۔ احتجاج میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ، جنہوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں رہائش کے لئے متبادل جگہ فراہم کی جائے اور واقع میں ملوث بلڈرز اور ایس بی سی اے میں موجود کرپٹ افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ سانحہ گولیمار  کے متاثرین نے علاقے کی تمام غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کرنے اور غیر قانونی عمارتوں کی اجازت دینے والے متعلقہ ادارے کے افسران کی جائیدادیں ضبط کرکے قرار واقعی سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا ،  پولیس کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔ ادھر سانحہ گولیمار  میں 27 افراد کی ہلاکت کے بعد کراچی پولیس بھی حرکت میں آئی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 3 افسران کو گرفتار کرلیا جن میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے سرفراز جمیل ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر مقصود قریشی اور بلڈنگ انسپکٹر عرفان علی شامل ہیں۔