Sunday, September 8, 2024

سانحہ گلشن اقبال پارک کا مقدمہ درج‘ جاں بحق افراد کی تعداد 72 ہو گئی

سانحہ گلشن اقبال پارک کا مقدمہ درج‘ جاں بحق افراد کی تعداد 72 ہو گئی
March 28, 2016
لاہور (92نیوز) گلشن اقبال پارک میں گزشتہ شام ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 72 ہو گئی ہے جن میں انتیس بچے اور سات خواتین شامل ہیں۔ دھماکے کے تین سو سے زائد زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے سترہ کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باون میتیں ورثاءکے حوالے کردی گئی ہیں۔ سنگ دل دہشت گردوں نے پارک میں ہنستے کھیلتے معصوم بچوں اور بےگناہ شہریوں کو خون میں نہلا دیا۔ دہلا دینے والے اس سانحے پر ہر دل سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ کئی گھروں میں صف ماتم بچھادینے والا افسوسناک واقعہ اتوار کی شام اقبال ٹاو¿ن کے گلشن پارک میں پیش آیا جہاں چھٹی اور ایسٹرکی وجہ سے رش معمول سے زیادہ تھا۔ معصوم بچے خوشی خوشی جھولے جھول رہے تھے کہ شام سات بجے کے قریب پارک کے گیٹ نمبر ایک پر خوفناک دھماکے سے ا فراتفری مچ گئی۔ ننھے بچے اپنے ماں باپ سے بچھڑ گئے اور لوگ دیوانہ وار اپنے پیاروں کی تلاش میں ادھر ادھر بھاگتے رہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کے جوان، پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں۔ فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو شہرکے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ قانون نافد کرنے والے اداروں کے مطابق دھماکے میں خاص کیمیکل استعمال ہوا جس سے مرنے اور زخمی ہونے والوں کی جلد شدید متاثر ہوئی۔ دھماکے کامقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ تھانہ اقبال ٹاو¿ن پولیس کی مدعیت میں درج کیاگیا ہے۔