Monday, September 16, 2024

سانحہ کوئٹہ کے ماسٹر مائنڈز ڈھونڈ کر جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا : وزیراعظم

سانحہ کوئٹہ کے ماسٹر مائنڈز ڈھونڈ کر جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا : وزیراعظم
August 9, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے قومی سلامتی کی صورتحال پر غورکےلئے کل اعلیٰ سطح کا اجلاس بلا لیا۔ انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمدکی ہدایت بھی کر دی اور کہا ایک نظریے کےخلاف حالت جنگ میں ہیں۔ پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کرینگے۔ مستحکم اور خوشحال پاکستان کے ثمرات ہر شہری کو حاصل ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاو¿س میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کاکہنا تھا شہدائے کوئٹہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ حکومت دہشت گردوں کےخلاف تمام ضروری اقدامات کےلئے پرعزم ہے۔ وفاق‘ صوبوں اور اداروں کے درمیان مربوط روابط ہونے چاہئیں۔ دہشت گرد سمجھتے ہیں قوم میں اختلافات کا بیج بوسکتے ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کےخلاف متحد ہے اور اس لعنت کے خاتمہ کےلئے حکومت کی حمایت کررہی ہے۔ وزیرداخلہ چودھری نثار اورمشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ سرتاج عزیز اور طارق فاطمی سمیت دیگراعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ سانحہ کوئٹہ سے پیدا شدہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاءکی رائے تھی کہ فاٹا میں ضرب عضب کی کامیابی کے بعد دہشت گرد اپنے اہداف تبدیل کررہے ہیں۔ دوسری جانب وزیرداخلہ نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں سانحہ کوئٹہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردی کے واقعہ میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونا خارج ازامکان نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کے ذمہ داران اور ماسٹرمائنڈز کا جلد از جلد پتہ چلایا جائے تاکہ انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل کے تمام نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔