Thursday, March 28, 2024

سانحہ کوئٹہ کے شہداءکی تدفین جاری‘ زخمی اہلکار سجاد آج دم توڑ گیا

سانحہ کوئٹہ کے شہداءکی تدفین جاری‘ زخمی اہلکار سجاد آج دم توڑ گیا
October 26, 2016
کوئٹہ (92نیوز) سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے کیپٹن روح اللہ، حیدربگٹی اور سالار بگٹی کی نمازِجنازہ اداکردی گئی۔ بیس جوانوں کی نمازِ جنازہ تربت میں ہوئی جبکہ سانحہ کوئٹہ کا ایک اور اہلکار سجاد آج دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہدائے کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر کی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کا سلسلہ جاری ہے۔ دہشت گردوں کا بے جگری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے کیپٹن روح اللہ کو آبائی علاقے شبقدر میں نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد پشاورمیں سپردخاک کر دیا گیا۔ ان کی نمازِ جنازہ میں کور کمانڈر پشاور اور دیگر عسکری اور سول حکام نے شرکت کی۔ کیپٹن روح اللہ شہید کو ناصرباغ پشاور کے قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔ دوسری طرف شہید پولیس جوانوں حیدربگٹی اور سالاربگٹی کی نماز جنازہ اے سی گراو¿نڈ سوئی میں ادا کر دی گئی۔ نمازِجنازہ میں پولیس، ایف سی، سول حکام اورلوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی بھی پیش کی۔ تربت کے بیس پولیس شہداءکی میتیں سی ون تھرٹی کے ذریعے تربت پہنچائی گئیں جہاں ان کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی جس میں اعلیٰ سول اورعسکری حکام نے شرکت کی۔ ادھرپنجگور کے پندرہ شہداءکی بھی تدفین کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں لوگ بڑی تعدادمیں شریک ہوئے۔