Monday, September 16, 2024

سانحہ کوئٹہ میں ”را“ کے ہاتھ کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا : دفترخارجہ

سانحہ کوئٹہ میں ”را“ کے ہاتھ کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا : دفترخارجہ
August 11, 2016
اسلام آباد (92نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ دہشت گرد حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ہاتھ کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں حادثے کا شکار ہونےو الے ہیلی کاپٹر کا عملہ محفوظ ہے، بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان پر بھارت میں دراندازی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے، عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں سے آگا ہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے پکڑے گئے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹ کلبوشن یادیو سے تحقیقات جاری ہیں۔ ”را“ کراچی اور کوئٹہ میں امن مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ کوئٹہ حادثے میں بیرونی ہاتھ خارج ازامکان نہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانہ سعودی عرب میں مشکلا ت کا شکار پاکستانیوں کی مدد کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں امن کی خواہش رکھتا ہے، افغان قیادت کا پاکستان مخالف لہجہ افسوسناک ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے بتایا کہ افغانستان میں حادثے کا شکار ہونےو الے ہیلی کاپٹر کا عملہ محفوظ ہے، عملے کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بالخصوص او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری نے بھی صورتحال کا سخت نوٹس لیا ہے اور شہادتوں پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔