Tuesday, April 23, 2024

سانحہ کرائسٹ چرچ کے تین شہدا کی تدفین کر دی گئی ‏

سانحہ کرائسٹ چرچ کے تین شہدا کی تدفین کر دی گئی ‏
March 20, 2019

کرائسٹ چرچ  ( 92 نیوز) نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ  کے   تین  شہداء کی تدفین کر دی گئی ۔

سانحہ کرائسٹ چرچ  کے شہدا کی نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی ، شہدا کو کرائسٹ چرچ میموریل پارک میں سپرد خاک کیا گیا۔   ادھر 9 پاکستانی شہدا میں سے دو  کی میتیں ورثاکے حوالے کردی گئیں۔

نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کی مساجدمیں آسٹریلوی دہشت گرد کے ہاتھوں شہید ہونیوالے شہدا کی تدفین کا سلسلہ جاری ہے ۔

مسجد النور میں سفید فام دہشت گرد کی گولیوں کا نشانہ بننے والے خالد اور ان کے بیٹے حمزہ کی نماز جنازہ  کرائسٹ چرچ میموریل پارک میں ادا کی گئی ۔شہدا کی نماز جنازہ اور تدفین  کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

خالداوران کےبیٹےحمزہ کا تعلق خانہ جنگی کےشکارملک شام سے بتایا گیا ہے ، وہ چند ماہ پہلے ہی شام سےنیوزی لینڈ منتقل ہوئے تھے۔

چینل 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے  نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالمالک نے بتایا کہ 7پاکستانی شہدا کی نماز جنازہ اور تدفین نیوزی لینڈ میں کی جائے گی۔

ڈاکٹر عبدالمالک نے بتایا کہ  کراچی کے اریب کا جسد خاکی پاکستان منتقل کیا جائے گا، شہید ہارون کی تدفین کا فیصلہ ان کی فیملی کرے گی ۔

ڈاکٹرعبدالمالک کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن۔شہدا کے ورثا سے مسلسل رابطے میں ہے۔شہدا کی تدفین اور جسد خاکی پاکستان بھیجنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔