Friday, April 19, 2024

سانحہ کرائسٹ چرچ ، دہشت گرد ٹیرنٹ کا تمام الزامات تسلیم کرنے سے انکار

سانحہ کرائسٹ چرچ ، دہشت گرد ٹیرنٹ کا تمام الزامات تسلیم کرنے سے انکار
June 14, 2019
کرائسٹ چرچ (92 نیوز) سانحہ کرائسٹ چرچ کے دہشت گرد ٹیرنٹ نے عدالتی کارروائی کے دوران تمام الزامات تسلیم کرنے سے انکار ۔ ٹیرنٹ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔ کرائسٹ چرچ میں خون کی ہولی کھیلنے والا سفاک سفید فام دہشتگرد برینٹن ٹیرنٹ اپنے جرم سے انکاری ہو گیا۔ کرائسٹ چرچ کے ہائی کورٹ میں ملکی تاریخ کی بدترین دہشتگردی کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں انتیس سالہ برینٹن ٹیرنٹ کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملزم نے اپنے وکیل کی مدد سے ایک درخواست جمع کرائی جس میں اس نے قتل اور دہشت گردی کے تمام الزامات سے انکار کیا۔ ہائی کورٹ کے جج جسٹس کیمرون مینڈر نے ملزم کے خلاف ٹرائل اگلے سال چار مئی کو شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واقعے کے عینی شاہدین اور متاثرین نے کارروائی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انتیس سالہ آسٹریلین شہری برینٹن ٹیرنٹ نے پندرہ مارچ کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد کو خون میں نہلا دیا تھا۔ اس پر اکاون افراد کے قتل اور چالیس کے اقدام قتل کے علاوہ دہشتگردی کی دفعہ بھی عائد ہے۔