Thursday, April 25, 2024

  سانحہ کارساز کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں  : آصف زرداری

   سانحہ کارساز کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں  : آصف زرداری
October 18, 2015
کراچی(92نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جلاوطنی کے بعد پاکستان آمد کے موقع پر سانحہ کارساز کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کارساز اور جمہوریت کے لئے جان کی قربانی دینے والے تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق سابق صدر  آصف علی زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم اس مشن کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی یہ عہد کرتی ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس عزم کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی کہ ملک سے دہشتگردی اور ڈکٹیٹرشپ کا ہر صورت کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری جدوجہد سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ڈکٹیٹرشپ مختلف اوقات میں مختلف صورتوں میں سر دوبارہ اٹھاتی ہے۔ اس کا ایک مدہم سا اظہار اس وقت ہوتا ہے جب ادارے اور افراد اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ملک کے دیگر اداروں کے اختیارات میں دخل اندازی کرتے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ ہمیں چاہیے کہ ایسے عناصر سے خبردار رہیں جوچور دروازے سے ڈکٹیٹرشپ کی ذہنیت رکھتے ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ ڈکٹیٹرشپ کے خلاف پارلیمان ہماری ڈھال ہے اور پارلیمان کو ہر صورت میں مضبوط اور مستحکم کرنا چاہیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کسی کو بھی پارلیمان کی حیثیت میں کمی نہیں کرنے دے گی اور اس بارے کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ 18اکتوبر 2007کو جمہوری قوتوں اور عسکریت اور انتہاپسندوں کے درمیان صف بندی واضح ہوگئی تھی اور اس دن کے بعد سے یہ صف بندی مزید واضح ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ اس وقت تک جاری رکھی جائے گی جب تک کہ جمہوری قوتوں کو مکمل فتح نہیں مل جاتی۔ سابق صدر نے عوام سے اپیل کی کہ دہشتگردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔