Friday, April 19, 2024

سانحہ کارساز کو 9 سال مکمل‘ شہداءہماری ذمہ داری ہیں : وزیراعلیٰ سندھ

سانحہ کارساز کو 9 سال مکمل‘ شہداءہماری ذمہ داری ہیں : وزیراعلیٰ سندھ
October 18, 2016
کراچی (92نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وفاق سندھ اور دیگر صوبوں کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کرے۔ پنجاب کے دوسرے شہروں کو بھی ترقی دینا چاہئے۔ ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کے اجلاس میں بلایا جاتا ہے جبکہ دوسرے صوبوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اٹھارہ اکتوبر دو ہزار سات سانحہ کارساز کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کارساز شہدا ئے یاد گار پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ وفاق کا نمائندہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری ان سے کچھ سیاسی امور پر بات کرنے گئے تھے۔ نہ ہم نے انہیں پیپلز پارٹی میں آنے کی دعوت دی اور نہ انہوں نے اپنی خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں۔ مصطفی کمال سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کیا وزراءگورنر کو رشوت دیتے ہیں تو انہوں نے کہا نہ میں نے کبھی رشوت لی نہ میں دیتا ہوں۔ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ شہداءکے لیے بے نظیر کے دور میں ہی فنڈ قائم کردیا گیا تھا۔ سانحہ کارساز کے شہداءہماری ذمہ داری ہیں۔ شہداءکی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ شہید بی بی اور بھٹو کا مشن مکمل کریں گے۔