Thursday, May 9, 2024

سانحہ چونیاں کا ملزم 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے

سانحہ چونیاں کا ملزم 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے
October 2, 2019
لاہور ( 92 نیوز) سانحہ چونیاں کے ملزم  سہیل شہزاد  کو لاہور میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا۔ سانحہ چونیاں میں چار معصوم بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا درندہ بالآخر قانون کی پکڑ میں آ  گیا،ملزم سہیل شہزادکوڈی این اےمقتول بچوں سے  میچ ہونے پر سی ٹی ڈی نے  حراست میں لےکرلاہور منتقل کیا ۔ واقعے کی تحقیقات کرنے والے پولیس افسران میں سے ایک آفیسر کے مطابق تحقیقات کے دوران روایتی تفتیشی ذرائع کے ساتھ  ہیومن انٹیلیجنس اور ڈی این اے کی بھی مدد لی گئی تھی،اس کے علاوہ جائے وقوعہ پر ملزم کے جوتوں کے نشانات نے بھی اس بات پر مہر تصدیق ثبت کر دی  کہ ملزم یہی ہے کیونکہ ملزم نے گرفتاری کے وقت بھی وہی جوتے پہن رکھے تھے۔ مردم شماری کے ڈیٹا میں سے پولیس نے کل آبادی جو 26 ہزار افراد پر مشتمل تھی کو اپنی تفتیش کا محور بنایا ، ان میں سے 18 سے 40 سال کے درمیان عمر کے مردوں کی تعداد 3500 بنتی ہے،تفتیشی ٹیموں نے گھر گھر جا کر ان افراد کی حتمی فہرست بنائی جن کا ڈی این اے کیا گیا۔ پھولوں کو مسلنے والے درندے نے دوران تفتیش پولیس کے سامنے اقبال جرم کرلیا ،،حالات خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر ملزم کے اہلخانہ کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا اور گھر کے باہرپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ مقتول بچوں کے ورثا کا کہنا ہے کہ ملزم کو سرعام پھانسی دی جائے اور نشان عبرت بنایا جائے۔اہل علاقہ نےکہا کہ سفاک قاتل نے کئی ماؤں کی گودیں اجاڑ دیں سرعام لٹکایا جائے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے پریس کانفرنس میں ملزم کی گرفتاری کا بتایا  ، بچوں کے قاتل کی گرفتاری پر وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو شاباش دی۔