Friday, April 26, 2024

سانحہ نیوزی لینڈ دہشتگردی قرار، کل سبز ہلالی پرچم سرنگوں رہیگا

سانحہ نیوزی لینڈ دہشتگردی قرار، کل سبز ہلالی پرچم سرنگوں رہیگا
March 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان نے سانحہ نیوزی لینڈ کو دہشتگرد حملہ قرار دیتے ہوئے قومی سانحہ  قرار دیدیا ، کل سبز ہلالی پرچم سرنگوں رہے گا۔ نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد اور مسلمانوں کیخلاف دہشت گردی میں  9 پاکستانیوں سمیت50 مسلمان شہید ہوئے ۔ حملے میں  ایک پاکستانی زخمی ہوا جس کی حالت تاحال تشویشناک  ہے اور وہ  اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ حکومت پاکستان کی جانب سے سانحہ نیوزی لینڈ کو قومی سانحہ قرار  دیا گیا ہے  جس کے باعث  کل سبز ہلالی پرچم سرنگوں رہے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس میں  شہدا کے لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ویزا کے حصول ، جسد خاکی کی وطن منتقلی سمیت ہر ممکن تعاون کرینگے ۔ وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے 6 شہدا کی تدفین کرائسٹ چرچ میں ہی کی جائے گی جب کہ تین کے جسد خاکی وطن واپس لائے جائیں گے ۔ وزیر خارجہ کے مطابق نیوزی لینڈ کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں  واقعے پر اظہار افسوس کیا جب کہ شہدا کے لواحقین کی ہر ممکن مدد سے متعلق بھی  گفتگو کی گئی ۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ   نیوزی لینڈ کے ہم منصب نے بتایا کہ درجنوں معصوموں کے قاتل سمیت 4 افراد گرفتار  کر کے   تفتیش جاری ہے۔ شہداء کی شناخت کا عمل پیچیدہ تھا ، میتوں کی حوالگی کا عمل کل شروع ہوگا ۔ وزیر خارجہ نے بتا یا کہ ترکی نے او آئی سی کی وزارتی کونسل کا خصوصی اجلاس22  مارچ کو استنبول میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا جس کی پاکستان نے مکمل تائید کی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  اجلاس کا مقصد دنیا میں بڑھتے اسلام فوبیا، مسلمانوں کیخلاف نفرت ، تعصب اور نسلی امتیاز کا خاتمہ ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شہید نعیم راشد کی والدہ کو نیوزی لینڈ کا ویزا مل گیا جبکہ پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالمالک کرائسٹ چرچ میں شہید نعیم راشد اور طلحہ نعیم کے گھرگئے اور   قیمتی جانوں کے ضیاع پراپنی اور حکومت کی جانب سے دلی تعزیت کی۔