Saturday, April 20, 2024

سانحہ مچھ کے متاثرین کا میتیں رکھ کر پانچویں روز بھی دھرنا

سانحہ مچھ کے متاثرین کا میتیں رکھ کر پانچویں روز بھی دھرنا
January 7, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) سانحہ مچھ متاثرین کا میتیں رکھ کردھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے۔ اب تک دھرنے کے شرکاء سے تمام تر مذاکرات کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔ وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد تک احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔

سانحہ مچھ کے متاثرین سے اظہاریکجہتی کیلئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کوئٹہ دھرنے میں پہنچے جہاں انہوں نے لواحقین سے تعزیت کی۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ امین شہیدی کا کہنا ہے وزیراعظم کیوں کوئٹہ کا دورہ نہیں کر رہے؟، سوشل میڈیا پر بھی وزیراعظم سے کوئٹہ جانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

ادھر سانحہ مچھ کے خلاف احتجاج دوسرے شہروں تک پھیل گیا۔ کراچی میں گیارہ مقامات پر دھرنے جاری ہیں جس سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔

لاہور میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دیا گیا جس میں بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔ سانحہ مچھ کے متاثرین سے اظہاریکجہتی کیا گیا۔

اسلام آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور جیکب آباد میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی آئی خان، گوجرانوالہ، چکوال، لاڑکانہ اور دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔