Friday, April 19, 2024

سانحہ موٹروے کیس کے ملزم عابد ملہی اور شفقت علی کو سزائے موت سنا دی گئی

سانحہ موٹروے کیس کے ملزم عابد ملہی اور شفقت علی  کو سزائے موت سنا دی گئی
March 20, 2021

لاہور (92 نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ موٹروے کیس کے ملزم عابد ملہی اور شفقت علی کو سزائے موت سنا دی ۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ موٹروے کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا ، عدالت نے دونوں ملزموں کو موت کی سزا سنائی ۔عدالت نے دونوں ملزموں کو ڈکیتی کے معاملے پر 14،14سال قید کی سزا بھی سنائی ۔

ملزم عابد ملہی اور شفقت علی کو جیل کی عدالت میں پیش کیا گیا ، انسداد دہشتگردی  کی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے مقدمہ میں  37 گواہوں کے  بیانات قلمبند کئے ، گواہوں میں متاثرہ خاتون اور مقدمہ مدعی  کا بیان بھی قلمبند کیا گیا، زیادتی کا واقعہ گزشتہ سال 9 اور 10 ستمبر کی درمیانی شب رنگ روڈ پر پیش آیا، مجرموں نے رنگ روڈ موٹر پر  خاتون کو اس کے بچوں کےسامنے  زیادتی کا نشانہ بنایا ،  متاثرہ خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں زیادتی ثابت ہوئی ۔

پولیس نے  ملزم  شفقت عرف بگا کو 14 ستمبر کو  دیپالپور سے حراست میں لیا، ملزم عابد ملہی  کو اس کے قریبی عزیز کے گھر سے مانگامنڈی  سے 12 اکتوبر  کو گرفتار کیا گیا۔