Saturday, April 20, 2024

سانحہ مستونگ اقتصادی راہداری منصوبے کیخلاف سازش ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان، واقعہ میں ”را“ ملوث ہے: صوبائی وزیر داخلہ

سانحہ مستونگ اقتصادی راہداری منصوبے کیخلاف سازش ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان، واقعہ میں ”را“ ملوث ہے: صوبائی وزیر داخلہ
May 30, 2015
کوئٹہ (92نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے مستونگ میں اکیس افراد کے قتل کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قتل پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر اتفاق رائے کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کوئٹہ میں سیاسی و مذہبی جماعتوں، قبائلیوں اور عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا سیاسی جماعتیں اورعوام دہشت گردی کے خلاف حکومت کا ساتھ دیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ متحد ہو کر ہی ملک کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا مقابلہ کر سکتے ہیں، ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کرکے ہی دم لیں گے۔ دریں اثنا وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سانحہ مستونگ میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کو ملوث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا واقعہ سری نگر میں پاکستانی پرچم لہرانے کا ردعمل ہوسکتا ہے۔ سانحہ مستونگ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ مستونگ واقعہ برادر اقوام کو لڑانے کی سازش ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ تمام شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا واقعہ کی ہر زاویے سے تحقیقات کررہے ہیں، بہت جلد بریک تھرو ملے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، حکومت اور عوام مل کر ملک سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کریں گے۔