Tuesday, April 16, 2024

سانحہ ماڈل ٹاون کیس : ایس ایچ اوعامرسلیم سمیت 46 افراد پر فرد جرم عائد

سانحہ ماڈل ٹاون کیس : ایس ایچ اوعامرسلیم سمیت 46 افراد پر فرد جرم عائد
December 19, 2015
لاہور (92نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون میں معطل سابق ایس ایچ او سمیت چھیالیس ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔ ملزمان میں عوامی تحریک کے کارکن بھی شامل ہیں۔ تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج خواجہ ظفر اقبال نے مقدمے کی سماعت کی۔ معطل ایس ایچ او شیخ عامر سلیم کودیگرملزمان سمیت عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ادارہ منہاج القرآن کی مدعیت میں درج مقدمے میں پیش کردہ چالان کی روشنی میں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔ پاکستان عوامی تحریک کے وکیل اکرم قریشی نے اعتراض اٹھایا کہ کیا کہ ایک ہی جرم اور مقدمہ میں دو بار فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔ اکرم قریشی ایڈووکیٹ نے عدالت میں کہا کہ اصل ذمہ دار وں کو بچانے کے لیے معصوم لوگوں کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے۔ عدالت نے تمام ملزمان پر فردجرم عائد کر دی۔ ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے پراسیکویشن کوہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر سرکاری گواہان کو پیش کیا جائے۔ دوسری جانب عدالت نے پاکستان عوامی تحریک کے اکتالیس کارکنوں کی عبوری ضمانت میں بائیس دسمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے کارکنوں کو پولیس کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم بھی دیا۔ مقدمے میں مزیدکارروائی بائیس دسمبر کو ہو گی۔