Thursday, April 25, 2024

سانحہ ماڈل ٹاون : معطل انسپکٹر عامر سلیم سمیت 22 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی گئی

سانحہ ماڈل ٹاون : معطل انسپکٹر عامر سلیم سمیت 22 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی گئی
October 20, 2015
لاہور (92نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون کے بائیس ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت سے ملزمان کے خلاف گواہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے روبرو معطل پولیس انسپکٹر عامر سلیم سمیت دیگر ملزمان کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان پرفرد جرم عائد کر دی۔ تمام ملزمان نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی اور الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا۔ عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے بعد سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت سے ملزمان کے خلاف گواہ عدالت میں پیش کریں۔ اسی مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت عوامی تحریک کے کارکنوں رحیق عباسی‘ خرم نواز گنڈا پور سمیت بیس ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ ملزمان کے خلاف سترہ جون دو ہزار چودہ کو ماڈل ٹاون میں عوامی تحریک اور پولیس کے درمیان تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں چودہ لوگوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ معطل انسپکٹر عامر سلیم اپنی بریت اور ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر چکے ہیں تاہم عدالت نے درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انہیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت پندرہ نومبر سے اس مقدمے میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنا شروع کرے گی۔ ماہرین قانون کے مطابق فرد جرم عائد ہونے کے بعد مقدمے کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہو جاتا ہے۔