Friday, April 19, 2024

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس ، ڈی آئی جی رانا عبدالجبار ، کیپٹن ریٹائرڈ عثمان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس ، ڈی آئی جی رانا عبدالجبار ، کیپٹن ریٹائرڈ عثمان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ
October 19, 2018
لاہور (92 نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون استغاثہ کیس میں ڈی آئی جی رانا عبدالجبار اور کیپٹن ریٹائرڈ عثمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے لیکن بعد میں وکلا کی پیشی پر عذر قبول کر کے وارنٹ منسوخ کر دیئے گئے۔ لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون استغاثہ کیس کی سماعت کی۔ کیپٹن ریٹائرڈ عثمان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کام میں مصروفیت اور ٹریفک کی وجہ سے لیٹ ہوئے، معافی قبول کی جائے۔ سماعت کے دوران اسسٹنٹ سب انسپکٹرنذیر اور کانسٹیبل امجد کے بیان پر جرح مکمل کر لی گئی۔ سانحہ ماڈل ٹاون استغاثہ میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا ،ایس پی ڈاکٹر فرخ سمیت دیگر پولیس افسراور اہلکار عدالت پیش ہوئے۔ مشتاق سکھیرا کے وکلا نے سابق آئی جی کی حاضری معافی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون استغاثہ کیس پر سماعت ہفتے کے روز تک ملتوی کر دی۔