Thursday, March 28, 2024

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں نواز ،شہباز کی طلبی کیلئے اہم ویڈیوز ریکارڈ جمع کرا دیا گیا

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں نواز ،شہباز کی طلبی کیلئے اہم ویڈیوز  ریکارڈ جمع کرا دیا گیا
April 25, 2018
لاہور (92 نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر افراد کی طلبی کے کیس میں پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے اہم ویڈیو ریکارڈ ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا گیا۔ جسٹس قاسم علی خان کی سربراہی میں فل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔عدالت نے کیس کی سماعت گیارہ مئی تک ملتوی کر دی۔ویڈیوز میں ڈی آئی جی رانا عبدالجبار، ایس پی طارق عزیز، ایس پی سلیمان کی ماڈل ٹاؤن میں موجودگی دکھائی گئی ہے ۔ جمع کرائی گئی ویڈیوز میں راناثناء، سعد رفیق کی ڈاکٹر طاہر القادری کو دی جانے والی سنگین دھمکیاں بھی شامل ہیں ۔ دوسری جانب عدالت نے ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس طلبی کے نوٹس جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت  کے دوران عوامی تحریک کی جانب سے جمع کرائے گئے تمام دستاویزات واپس کرتے ہوئے پیپر بک کی شکل میں دوبارہ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عوامی تحریک کے وکلاء نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کےدلائل پراعتراضات اٹھا دئیے ، عوامی تحریک کے وکیل نے مؤقف اختیار کیاکہ پراسسیکیوٹر جنرل پنجاب کی جانب سے ایسا تاثر دیا جا رہا ہے جیسے وہ ریاست کے نہیں ملزمان کے وکیل ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا یہ بتائیں پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے ایسا کیا کہا جس سے آپکو ایسا تاثر محسوس ہوا،جو ہم پوچھ رہے ہیں وہ صرف اسی کا جواب دے رہے ہیں۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواز شریف اور شہباز شریف سمیت 3 بیورو کریٹس کو طلبی کے نوٹس جاری نہیں لئے تھے،لہٰذا عدالت ان تمام سیاستدانوں کوطلب کرنےکے احکامات جاری کرے۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء اور بنچ کے ایک رکن کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 11 مئی تک ملتوی کی ۔