Saturday, April 20, 2024

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس ، جے آئی ٹی نے نواز شریف کا بیان ریکارڈ کر لیا

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس ، جے آئی ٹی نے نواز شریف کا بیان ریکارڈ کر لیا
March 20, 2019

 لاہور (92 نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا بیان ریکارڈ کر لیا۔

 ذرائع کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف سے دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے نواز شریف کا بیان پہلی مرتبہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے قبل جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم اُس دور کے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا بیان ریکارڈ کر چکی ہے۔

جے آئی ٹی اب تک مقدمہ میں نامزد چھ وزراء ، 90 سے زائد پولیس ملازمین سمیت 85 عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کرچکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کی تفتیش آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے ، جلد ہی رپورٹ حکومت کو فراہم کر دی جائے گی۔