Saturday, May 18, 2024

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش
November 14, 2017

لاہور ( 92 نیوز ) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش کر دی گئی ۔ اسپیشل سیکرٹری ہوم رپورٹ لے کر عدالت پہنچے ۔لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے رپورٹ کا جائزہ لے کر اسپیشل سیکرٹری داخلہ کے سپرد کر دی ۔

لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ کے روبرو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل رپورٹ منظر عام پر لانے کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف حکومت پنجاب کی اپیل پر سماعت ہوئی ۔ حکومت کی جانب سے رپورٹ پیش نہ کرنے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیاکہ عدالتی حکم کے باوجود رپورٹ کیوں پیش نہ کی گئی ۔


سرکاری وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت کے وکیل خواجہ حارث نے رپورٹ پیش کرنا تھی وہ مصروفیت کے باعث نہیں آسکے ۔ عدالت نے رپورٹ پیش نہ کرنے پربرہمی کااظہارکیا اورسیکرٹری قانون کو طلب کرکے رپورٹ مانگی جس پر اسپیشل سیکرٹری ہوم رپورٹ لے کر عدالت پہنچ گئے ۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کے وکلاء نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ میں ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے  لہٰذا رپورٹ کا منظر عام پر آنا بہت ضروری ہے ۔۔سانحہ ماڈل ٹاون کے متاثرین کے وکلاء کے دلائل جاری تھے کہ عدالتی وقت ختم ہونے پر سماعت 16 نومبرتک ملتوی کردی گئی۔
ماہرقانون بیرسٹرعلی ظفرنے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل رپورٹ سامنے آنی چاہئے ۔