Monday, May 6, 2024

سانحہ ماڈل ٹاؤن ، فریقین کو بلانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

سانحہ ماڈل ٹاؤن ، فریقین کو بلانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
October 20, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان عوامی تحریک نے نوازشریف، شہبازشریف اور دیگر فریقین کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں بلانے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دائر درخواست میں نوازشریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، عابد شیر علی، چوہدری نثار، توقیر شاہ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست کے متن میں کہا گیا کہ رانا ثنا اللہ نے بیان دیا ریاست کے اندر ریاست نہیں بن سکتی۔ سانحہ ماڈل ٹاون سے قبل رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت وزیر اعلی ہاوس میں اجلاس بھی ہوا۔ سانحہ ماڈل ٹاون ن لیگ کی ہمارے خلاف سازش تھی۔ ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ نے ہماری درخواست پر فریقین کو سانحہ ماڈل ٹاون پر بیان کیلئے نہیں بلایا۔ درخواست میں لاہور ہائی کورٹ اور ٹرائل کورٹ کا فریقین کو عدالت میں نہ بلانے کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ماڈل ٹاوٴن سے رکاوٹیں ہٹانے کے لئے طاقت کا استعمال کیا۔ اس موقع پر 10 معصوم لوگوں کی جانیں لی گئیں۔ سپریم کورٹ فریقین کو طلب کرنے کا حکم صادر کرے۔