Tuesday, April 16, 2024

سانحہ ماڈل ٹاؤن ،عدالتی فیصلے کیخلاف حکومتی اپیل کی سماعت 24 نومبر تک ملتوی

سانحہ ماڈل ٹاؤن ،عدالتی فیصلے کیخلاف حکومتی اپیل کی سماعت 24 نومبر تک ملتوی
November 22, 2017

لاہور ( 92 نیوز ) لاہورہائی کورٹ نےسانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈ یشل انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کے عدالتی فیصلے کے خلاف حکومتی اپیل کی سماعت 24 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت پنجاب کے وکیل خواجہ حارث کوحتمی دلائل کے لئے طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے اپیل کی سماعت کی ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کے وکلاء اظہر صدیق اور خواجہ طارق رحیم نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاون کی رپورٹ عوامی دستاویز ہے جسے منظر عام پر لایا جائے ۔حکومت جوڈیشل انکوائری رپورٹ منظر عام پر نہ لا کر ملزموں کو تحفظ فراہم کرنا چاہتی ہے ۔ رپورٹ فراہم نہ کرنا معلومات تک رسائی کے قانون کی بھی خلاف ورزی ہے ۔
پاکستان عوامی تحریک کےسینئر رہنماء خرم نواز گنڈا پورنے میڈیا سے بات چیت میں کہا عدالتی فیصلے کا انتظار کریں گے ۔ جو فیصلہ ہوا اس کو قبول کیا جائے گا ۔نوازشریف کی طرح نہیں کریں گے ۔
عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت 24 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے وکیل خواجہ حارث کوحتمی دلائل کے لئے طلب کر لیا ۔