Thursday, April 18, 2024

سانحہ ماڈل ٹاؤن: حکومت کے گرد گھیرا تنگ ہونے میں 2 دن باقی

سانحہ ماڈل ٹاؤن: حکومت کے گرد گھیرا تنگ ہونے میں 2 دن باقی
January 15, 2018

لاہور (92 نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن کے معاملے پر حکومت کے گرد گھیرا تنگ ہونے میں دو دن رہ گئے۔
نواز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ آنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے ن لیگ کی حکومت کے گرد شکنجہ کسنا شروع کر دیا۔
ایسے میں سانحہ ماڈل ٹاوٴن کے حوالے سے نجفی رپورٹ شائع ہونے کے بعد عوامی تحریک نے شہباز شریف اور رانا ثنا ءاللہ کے استعفیٰ کے لیے ڈیڈ لائن دی جس کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری سے آصف علی زرداری اور عمران خان سمیت تمام اپوزیشن رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں۔
اسی دوران ڈاکٹر طاہر القادری نے اے پی سی بلا لی اور اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل اسٹیئرنگ کمیٹی بنا دی گئی جس نے شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے استعفوں کی ڈیڈ لائن میں سات جنوری تک توسیع کر دی۔
استعفے نہ آنے کی صورت میں آٹھ جنوری کو ایک ایکشن کمیٹی بنائی گئی جس نے سترہ جنوری کو لاہور میں احتجاج کی کال دی تھی۔
عوامی تحریک اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاج کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں۔
ایکشن کمیٹی نے ڈی سی کو فیصل چوک مال روڈ پر احتجاج کے حوالے سے خط لکھا ہوا ہے جس کا تاحال جواب نہیں آیا۔
اس حوالے سے اپوزیشن نے کہا کہ احتجاج ہر صورت میں ہو گا اور سترہ جنوری کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
عوامی تحریک کا دعویٰ ہے کہ احتجاج میں تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی بھرپور شرکت ہو گی۔