Monday, September 16, 2024

سانحہ مال روڈ لاہور کی جانچ کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

سانحہ مال روڈ لاہور کی جانچ کیلئے جے آئی ٹی تشکیل
February 15, 2017

لاہور (92نیوز) سانحہ مال روڈ پر پنجاب حکومت نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ جے آئی ٹی آج سے تفتیش کا آغاز کرے گی۔ مال روڈ بم دھماکے کے ذمہ داروں تک پہنچنے کے لئے حکومت نے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اس سانحہ کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی میں حساس اداروں کے ارکان اور پولیس افسران کو شامل کیا گیا ہے جو آج کسی بھی وقت اپنا کام شروع کر دے گی۔

دوسری جانب سی سی پی او لاہور امین وینس کی زیرصدارت اجلاس میں پولیس لائن قلعہ گوجرسنگھ کو شہید ایس ایس پی زاہد محمود گوندل کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ نئی بنائی جانے والی پولیس لائن کو ڈی آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ احمد مبین کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

پنجاب پولیس کے دونوں بہادر سپوت ڈی آئی جی کیپٹن احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد محمود گوندل سانحہ مال روڈ میں شہید ہو گئے تھے۔