Thursday, April 25, 2024

سانحہ قصور، مشتعل افراد کا ایم پی اے نعیم صفدر کے ڈیرے پر حملہ توڑ پھوڑ

سانحہ قصور، مشتعل افراد کا ایم پی اے نعیم صفدر کے ڈیرے پر حملہ توڑ پھوڑ
January 11, 2018

قصور( 92 نیوز ) معصوم زینب کے قتل پر قصور کی فضا میں دوسرے روز بھی غم و غصہ پایا جا رہا ہے مشتعل افراد نے لیگی ایم پی اے نعیم صفدر کے ڈیرے پر حملہ کر دیا۔مشتعل افراد نے ڈیرے میں توڑ پھوڑ کی اور تین گاڑیوں سمیت دیگر سامان کو آگ لگا دی ۔

معصوم زینب کے قاتل نہ پکڑے جا سکے  اور  شہر قصور جلتا رہا  ۔ حالات کشیدہ  ہوئے اور جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ جاری رہا  ۔ کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کا آمنا سامنا  بھی ہوا ۔

مظاہرین نے سڑکیں بلاک کر دیں جس سے قصور شہر کا دیگر شہروں سے زمینی رستہ بھی منقطع ہو گیا  ۔ بپھرے مظاہرین کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ زینب کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے ۔

غم و غصے کا اٹھنے والا طوفان تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا  ۔ پولیس اور انتظامیہ لاٹھی بردار مظاہرین کے سامنے بے بس  ہوگئے ۔ رات گزری  اور صبح ہوتے ہی مظاہرین نے پھر سٹرکوں کا رخ کیا ۔ دیکھتے ہی دیکھتے شہر بھر کا ماحول کشیدہ ہو گیا ۔

سب سے پہلے مظاہرین پہنچے ڈسٹرکٹ اسپتال قصور جہاں  خوب توڑ پھوڑ کی ۔ حکومت کے حق میں لگے بینرز اور تصاویر سب کچھ ان مظاہرین کے غصے کی آگ میں جل گیا ۔  مظاہرین نے اسپتال کے عملے کو باہر نکال کر تالے لگا دیئے گئے جبکہ  سٹیل چوک کو بھی بند کردیا گیا ۔

مظاہرین کے سامنے انتظامیہ بے بس  ہو گئی جبکہ   پولیس فورس بھی مکمل مفلوج دکھائی دی ۔اسپتال کے بعد مظاہرین نے ن لیگی ایم پی اے  نعیم صفدر انصاری کے ڈیرے پر دھاوا بول دیا  اور وہاں پڑے سامان اور 3 گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔

کئی مقامات پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کا استعمال بھی کیا ۔

دوسری طرف وکلا  اور تاجر براداری  بھی سراپا احتجاج بنی رہی  جبکہ ہنگامی حالات سےنمٹنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔