Wednesday, May 8, 2024

سانحہ قصور: احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ، دو افراد جاں بحق

سانحہ قصور: احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ، دو افراد جاں بحق
January 11, 2018

قصور (92 نیوز) کمسن زینب قتل کیخلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ میں دو افراد جاں بحق ہوئے جن
کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد گھروں کو منتقل کر دی گئیں۔
کمسن زینب کے قتل کے خلاف احتجاج جاری تھا۔ مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ ملزم کو گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے مگر پولیس اہلکاروں نے اپنی گنیں مظاہرین پر سیدھی کر لیں اور فائرنگ کر دی۔
گولیاں لگنے سے 18 سالہ شعیب اور 55 سالہ محمد علی جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
 نوجوان شعیب فیکٹری میں کام کرتا تھا۔ گھریلو کام سے باہرنکلا مگر پولیس کی اندھی گولی کا نشانہ بن گیا۔
ادھر چار بیٹیوں اور دو بیٹوں کا باپ محمد علی رکشہ ڈرائیور تھا جو اپنے شہر میں ہونے والے اندوہناک واقعے کے خلاف سراپا احتجاج تھا۔
محمد علی کے بیٹے نے کہا کہ ناانصافی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے مگر پولیس نے فائرنگ کر دی۔ ایسے ہی جیسے ماڈل ٹاؤن میں کیا۔
دوسری طرف لواحقین نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن ہو یا قصور، یا کوئی اور شہر، صرف پر امن مظاہرین ہی پولیس اہلکاروں کی گولیوں کے نشانے پر کیوں ہوتے ہیں۔